حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراه شیعہ علماء کونسل پاکستان حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں صحافت کسی بھی معاشرے میں کلیدی کردار اداکرتی ہے، معاشرے کو درپیش چیلنجز، بنیادی اور شہری حقوق، معاشرے میں پیدا ہونے والے بیگاڑ، عوام کو شعور و آگاہی، حکمرانوں پر تعمیری تنقیداور رہنمائی کرنے سمیت کئی معاملات کو اجاگر کرتے ہیں، آزادی صحافت بھی شہری آزادیوں میں حقوق میں ایک بڑا حق ہے، ہمارا روز اول سے موقف رہاہے کہ شہری آزادیوں پر پابندیاں ناقابل قبول ہیں، افسوس اسلامی جمہوری مملکت میں بے شمار اور بے جا پابندیوں کا سامنا آج بھی معاشرہ برداشت کررہاہے، ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے آزاداور ذمہ دار میڈیا کا کردار لازمی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم صحافت پر صحافتی تنظیموں، سینئر صحافیوں اور ملک بھر کے پریس کلبز کو بھجوائے گئے اپنے پیغام میں کیا۔ حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ہمارا روز اول سے موقف رہاہے کہ شہری آزادیوں پر کوئی قدغن قبول نہیں کی جائیگی، ذمہ دار، آزاد میڈیا بھی اسی کے زمرے میں آتاہے، آزادی اظہار کا حق آئین پاکستان دیتا ہے البتہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں آج بھی فرد اور معاشرے کوبے شمار، بے جا پابندیوں کا سامنا ہے، سچ کو رورکا جاتا ہے اور جھوٹ کی ترویج کی جاتی ہے،اہم ترین عوامی مسائل پر زبانیں گنگ ہوجاتی ہیں یا پھر خاموش کرادی جاتی ہیں، جبری گمشدگی کا مسئلہ ہو یا ٹارگٹ کلنگ کا،اس کا شکار عام شہری سمیت مختلف طبقات جہاں شکار ہوئے وہیں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں صحافی بھی اس کی بھینٹ چڑھے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافیوں نے مشکل ترین حالات میں بھی پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں جرات مندانہ کردارادا کیا ہے، دور آمریت ہو یا جمہوریت، صحافیوں پر مختلف حوالوں سے پابندیاں عائدہوتی رہی ہیں اس کے باوجود صحافیوں کے کافی حد تک مسائل کو اجاگر کرنے، معاشرے کے بگاڑ کو سنوارنے، سماجی و قومی مسائل کی جانب ارباب اختیار و اقتدار کی توجہ دلانے کی بھرپور کوشش کی ہے جس پر انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں البتہ آج پاکستان میں میڈیا خصوصاً صحافیوں کو جن مسائل کا سامنا ہے جن میں سب سے بڑا مسئلہ صحافتی معاشی بحران ہے اس سلسلے میں حکومت وقت کو اپنا کرداراد ا کرنا چاہیے، صحافیوں کے جان و مال کا تحفظ اور پیشہ وارانہ امور میں انجام دہی کیلئے ضروری اقدامات کئے جانے چاہئیں، کیونکہ ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے آزاد اور ذمہ دار میڈیا کا کردار لازمی ہے، اس سلسلے میں صحافتی تنظیموں کو بھی چاہیے وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں کیونکہ اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے اور اسی اتحاد کو بروئے کارلاتے ہوئے اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں۔
آپ کا تبصرہ